آئی پی ایس کے تحت پہلا فارماکیریئر فیئر، طلبا کو نوکریوں و انٹرن شپس کی پیشکش

November 28, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف فارماسوٹیکل سائنسز (آئی پی ایس)کی جانب سےپہلے فارماکیریئر فیئر کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کی نامور فارما کمپنیز نے طلبا و طالبات کے انٹرویوز لیکر کامیاب امیدواروں کو نوکریوں و انٹرن شپ کی پیشکش کی ،ساتھ ہی ان کی کیریئر کونسلنگ بھی کی گئی ۔جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان کے ہمراہ کیریئر فیئرکا دورہ کیا اور آئی پی ایس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کیریئر فیئر کے ذریعے انڈسٹری کیساتھ جامعہ سے فارغ ہونیوالے طلبا و طالبات کا رابطہ انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے، ملک کی نامور فارماسیوٹیکل کمپنیز کا جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے کیریئر فیئر میں شرکت کرنا اس بات کی ترجمانی کررہا ہےکہ یہاں کے طلبا وطالبات فارما انڈسٹری میں موجود نوکریوں کیلئے بھرپور صلاحیتوں سے لبریز امیدوار ہیں۔آئی پی ایس کی پرنسپل پروفیسر ہما علی نے آرگنائزر پروفیسر کرن رفیق کیساتھ کیریئر فیئر کادورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا ،اس موقع پر ہما علی نے کہاکہ یہ کیریئر فیئر تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان موجود خلا کو پُر کرےگا اور دونوں کے درمیان رابط کواعلیٰ سطح پر استوار کریگا ۔ پروفیسر کرن رفیق نے ان تمام اسٹیک ہولڈرز اور معزز شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کیریئر فیئرکو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔