کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی نے سندھ لوکل گورنمنٹ بل 2026 کو ’سیاسی آمریت‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے اس کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا ہے جبکہ ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی نے بل کے خلاف قانونی اور سیاسی ہر فورم پر آواز اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پیر کوسندھ اسمبلی اجلاس کے بعد ایم کیوایم پاکستان ،پی ٹی آئی، اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی ارکان نے میڈیا کے سامنے اپنا موقف پیش کیا ۔سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف علی خورشیدی نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں سیاسی آمریت چل رہی ہے۔ اسمبلی سیشن میں تمام بزنس کو ایک طرف رکھ کر ایک دم یہ بل منظور کر لیا گیا۔پارلیمان کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتیں اس بل کو مسترد کرتی ہیں۔