ہیلتھ آف بنوں پروگرام کے نام سے آگاہی کا سلسلہ شروع

November 28, 2022

بنوں (نمائندہ جنگ ) ایم ٹی آئی کے زیر اہتمام ہیلتھ آف بنوں پروگرام کا آغاز ہوگیا۔ پروگرام کے تحت عام بیماریوں کی روک تھام، مریضوں کی بیماریوں کے حوالے سے تعلیم، طلبہ کی سکریننگ سمیت دیگر آگاہی سیمینارز و پروگرامز منعقد کئے جائینگے ۔اس حوالے سے چیئرمین بورڈ آف گورنرز ایم ٹی آئی پروفیسر ڈاکٹر سعید اللہ شاہ نے میڈیکل کالج میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایم ٹی آئی ہسپتالوں کے اندر عالمی معیار کی سروسز کی فراہمی کیلئے منصوبہ بندی کی ہے جس کے ثمرات لوگوں کو بہت جلد پہنچنا شروع ہونگے لیکن اس کیساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ ہم بیماریوں کی روک تھام کیلئے معاشرے میں شعور آگاہی بیدار کریں اس سلسلے میں ہم نے ہیلتھ آف بنوں پروگرام کے نام سے آگاہی کا سلسلہ شروع کردیا ہے جو کہ ڈسٹرکٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر احمد فراز کی سربراہی میں جا رہی رہے گا اس پروگرام میں عوام کو بیماریوں سے آگاہی، سکول اور کالجوں میں طلبہ کی سکریننگ، ویلنس کلینکس جس میں عمر کے لحاظ سے لوگوں کی سکریننگ ہوگی، منشیات کی روک تھام، صاف پانی کے استعمال، آلودگی سے بچاؤ سمیت دیگر شعور آگاہی کے پروگراموں پر توجہ دی جائے گی اس موقع پر ڈین وایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شبیر حسین، میڈیکل ڈائریکٹر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال، ہسپتال ڈائریکٹر کرنل ریٹائرڈ ڈاکٹر گلزار احمد خان، نرسنگ ڈائریکٹر شاکرہ حمید اور ایڈیٹر پبلی کیشن سیکشن عبداللہ داوڑ بھی موجود تھے ۔