روس سے سستا خام تیل خریدنے کیلئے پاکستانی وفد ماسکو روانہ

November 29, 2022

لاہور، ماسکو(خبرایجنسی)روس سے سستا خام تیل خریدنے کے حوالے سے بات چیت کے لئے وزیر مملکت برائے پٹرولیم سینیٹر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کی سربراہی میں پاکستانی وفد ماسکو روانہ ہوگیا۔وفد لاہور سے ماسکو کے لئے روانہ ہوا،وفد میں سیکرٹری پٹرولیم کیپٹن (ر) محمد محمود سمیت وزارت پٹرولیم کے دیگر حکام شامل ہیں۔ پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن پر کام جلد شروع کرنے سے متعلق بات چیت ہو گی، پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن کراچی سے لاہور کے قریب تعمیر ہو گی۔ میڈیا چینل کے مطابق روس کی جانب سے دعوت نامہ ملنے کا انتظار تھا اور دعوت نامہ موصول ہونے کے بعد وفد پیر کولاہور سے ماسکو روانہ ہوگیا، وفد کا دورہ روس سے سستا تیل خریدنے کے تناظر میں ہو رہا ہے۔