ملک میں انتشاری ٹولے کی سیاست ختم ہوچکی، حافظ حمداللّٰہ

November 29, 2022

کوئٹہ ( آئی این پی ) جمعیت ءعلمااسلام کے مرکزی رہنما اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی ترجمان سابق سینیٹر مولانا حافظ حمداللہ نے کہاہے کہ ملک میں انتشاری ٹولے کی انتشاری سیاست ختم ہوچکی ،قوم سرٹیفائیڈ جھوٹے کے جھوٹ پر مزید یقین نہیں کرے گی ۔گالم گلوچ اور الزام تراشی عمران خان کی سیاست کا بنیادی ایجنڈا ہے اقتدار میں تھا تو بھی گالیاں اور آج جب اپوزیشن میں تب بھی گالیاں دے رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعیت ضلع لاہور کے زیراہتمام تحفظ ختم نبوت و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس سے صوبائی ضلعی اور مقامی رہنماؤں ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ مولانا حافظ حمداللہ نے کہاکہ عمرانی دور حکومت میں ملک معاشی سیاسی اور دفاعی عدم استحکام کا شکار رہا ان کی ناقص معاشی پالیسیوں کا خمیازہ آج بھی قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی صورتحال بہتر بنانے کے لئے حکومت بھر پور کوششیں کررہی ہے،ملک کو معاشی طور پر مفلوج کرنا دشمن قوتوں اور ان کا مشترکہ ایجنڈا تھا جسے پی ڈی ایم قیادت نے ناکام بنایا۔