عمران نیازی کے پاس اسمبلیاں توڑنے کا اختیار نہیں، مسلم لیگ ن

November 30, 2022

لاہور ( جنرل رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ،ارکان اسمبلی شائستہ پرویز، علی پرویز ملک ،ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے پاس اسمبلیاں توڑنے کا اختیار نہیں، قانونی بہانہ بنا کر خان اپنے مارچ سے سیف ایگزٹ چاہتا ہے، اگر پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی توڑی تو فتنہ خان کے اخراجات کون پورے کرے گا۔گزشتہ روز کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئر مین کی عیاشیوں اور مالی بے ضابطگیوں کی وجہ سے خیبرپختونخوااربوں کا مقروض اور پنجاب میں بھی مالی بحران کا آغاز ہوچکا، لوگ بھوکے مررہے ہیں ۔ان کے سیاسی غبارے سے ہوا نکل چکی ، فائرنگ کا جعلی واقعہ، گھڑی چوری اور فارن فنڈنگ کیس نے فتنہ خان کی سیاست کا جنازہ نکال دیا۔ آنے والے وقت میں وہ ملک بھی چھوڑ سکتے ہیں ،یہ دنیا کا جھوٹا ترین شخص ہے، جس نے نہ صرف قوم کو دھوکا دیا بلکہ ملک کے اندراپنے جھوٹ کے ذریعے انتشار بھی پھیلا یا اور نفرت کے بیج بو ئے،سیاسی اختلاف کو ذاتی دشمنی کا رنگ دینے والا ریاست کو کمزور کر رہا ہے ۔