راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) انگلش کرکٹر زعام طور پر کھانے کے معاملے میں بہت محتاط اور انگلینڈ سے اپنامراکش سے تعلق رکھنے والے شیف کو بھی ساتھ لائے ہیں لیکن حیران کن طور پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ساتھ شیف بھی بیمار ہوگئے۔ واضح رہے کہ شیف عمر مزیان ٹیم کے کھانے پینے کے معاملات کی نگرانی کررہے ہیں۔ خیال ظاہر کیا جارہا ہے دو دن قبل انگلش ٹیم نے ایک تقریب میں شرکت کی جہاں انہیں بد ہضمی اور وائرس کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔انگلش ٹیم انتظامیہ بدہضمی اور زہر خورانی کی تردید کررہی ہے ۔ حدرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹرز اور آفیشل کو بدہضمی اور کورونا وائرس نہیں بلکہ لوز موشن کی شکایت ہے۔ انگلش کرکٹرز نے زیادہ تر کھانا ہوٹل ہی میں کھایا کیوں کہ انہیں باہر سے کھانا منگوانے کی اجازت نہیں ہے۔ بدھ کو انگلش کھلاڑی ہوٹل میں ایک دوسرے سے ملتے رہے لیکن کھانے پینے میں محتاط ہوگئے ہیں۔ ٹیم ڈاکٹر مسلسل کھلاڑیوں کی معاونت کررہا ہے۔ انگلش بیٹر جو روٹ نے کہا کہ یہ فوڈ پوائزننگ یا کورونا کا معاملہ نہیں، امید ہے کھلاڑی جلد خود کو بہتر محسوس کریں گے۔ یہ کہنا مشکل ہے کہ کھلاڑی پہلے ٹیسٹ سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے لیکن کوشش ضرور کریں گے۔ جو روٹ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی ٹورز کے دوران انجریز اور بیماری جیسی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ جو روٹ سے جب یہ سوال کیا گیا کہ اگر بین اسٹوکس نہیں کھیلتے تو کیا وہ دوبارہ انگلینڈ کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں جس پر ان کا جواب تھا میرا نہیں خیال۔