صحافیوں کو درپیش مسائل پر مذاکرات کیلئے وفاقی وزیر اطلاعات سے ملاقات کی جائے گی، آر آئی یو جے دستور

December 01, 2022

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آزادی صحافت پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ صحافیوں کو درپیش مسائل پر بات چیت کے لیے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے ملاقات کی جائے گی ۔ مختلف نجی ٹی وی چینلز کی جانب سے کارکنوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر اظہار تشویش کیا گیا ہے جبکہ اجلاس میں پی ایف یو جے کے صدر حاجی نواز رضا نے واضح کیا ہے کہ آزادی صحافت پر کسی طور پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات سے مطمئن نہیں ہیں ۔نیشنل پریس کلب کے انتخابات کے معاملے پر کسی بھی گروپ سے غیر مشروط طور پر بات چیت ہو گی۔ اے پی پی کے عارضی کارکنوں کے مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے آر آئی یو جے ( دستور ) کا اجلاس بدھ کو نیشنل پریس کلب میں قائم مقام صدر شوکت ملک کی صدارت میں ہوا ۔ اجلاس میں مرحوم صحافیوں کے لیے دعا ئے مغفرت کی گئی ۔