کم عمر بچی سے زیادتی کے ایک ملزم کو عمر قید، دوسرے کو چار سال سزا

December 01, 2022

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی احسن محمود ملک نے کم سن بچی کو اغوا ءکے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے والے ایک ملزم کو عمر قید جبکہ نوعمر شریک ملزم کو چار سال قید دیدی۔رواں برس بارہ اپریل کو چک جلال دین کے رہائشی(م ب) کی درخواست پر تھانہ صدر بیرونی میں درج کیس کے مطابق ایک روز قبل ان کی چھوٹی بیٹی لاپتہ ہوگئی تھی جس نے اگلے روز بتایا کہ قریب واقع چچا کے گھر جا رہی تھی کہ گل زیب نامی نوجوان اسے اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گیا جہاں اپنے دوست شارق عرف مشال سے مل کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ گزشتہ روز عدالت نے مرکزی ملزم شارق کو عمر قید دو لاکھ روپے معاوضہ جبکہ کم عمر گل زیب کو چار سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دیتے ہوئے کہا کہ کم عمر ملزم کو دوسرے قیدیوں سے علیحدہ رکھا جائے۔