خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ سربراہوں کا اجلاس، مستقبل لائحہ عمل پیش

December 01, 2022

پشاور (خصوصی نامہ نگار)خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کےشعبہ سربراہوں کا 12واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کے زیر صدارت آئی ایچ ایس مردان کیمپس میں ہوا جس میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سلیم گنڈاپور کے علاوہ مختلف ذیلی اداروں اور شعبوں کے سربراہوں نے شرکت کی اور اداروں اور شعبوں کی کارکردگی رپورٹس اور مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل پیش کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہاکہ پچھلے ڈیڑھ دوسال کے دوران یونیورسٹی کے اسلام آباد سمیت صوبے کے آٹھ اضلاع میں نئے کیمپسز کے قیام کے بعد انکے انتظامی اور مالی استحکام پر کام ہو رہا ہے۔مٹہ میڈیکل کالج کی پی ڈی ڈبلیوپی سے منظوری ایک بڑی کامیابی ہے اسی طرح اسلام آبادکیمپس کی بلڈنگ کا مسئلہ بھی عنقریب حاصل کرلیاجائے گا۔دیر، صوابی، لکی مروت اور کرم میں حکومت کے جانب سے تیار عمارتیں ملنے کی وجہ سے یہ کیمپس خسارے کی بجائے منافع میں جا رہے ہیں ۔جو یونیورسٹی کے مالی استحکام کے لئے خوش آئند ہے۔کابل کیمپس کی منظوری کے لئے ایچ ای سی کو فیزیبلٹی بھیج دی گئی ہے جس کی منظوری کے ساتھ ہی یونیورسٹی کے اس پہلے بین الاقوامی کیمپس کے قیام پر کام کاآغاز کردیا جائے گا۔انہوں نے اسلام آبا دکیمپس میں پہلے پیپر لس امتحان کے انعقاد کو خوش آئند قراردیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ یونیورسٹی کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے جسکے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوں گے۔ہماری ترجیح تمام امتحانات کو شفاف اور ڈیجیٹلائزڈ بناناہے ، اکیڈیمک سیکشن کی جانب سے اکیڈیمک کیلنڈر اور پروکٹوریل بورڈ کی منظوری خوش آئند ہے اس سے اگر ایک طرف مختلف سطحات کے تعلیمی مسائل حل ہونگے تو دوسری جانب یونیورسٹی سمیت تمام ذیلی اداروں میں پراکٹوریل بورڈز کے قیام سے نظم و ضبط میں مزید بہتری آئیگی۔