سیکرٹری ہیلتھ کے ہسپتالوں کے دورے، غیر حاضری پر ڈاکٹرز و دیگر عملہ معطل

December 01, 2022

ملتان( سٹاف رپورٹر) سیکرٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب محمد اقبال نے ضلع بہاولنگر کے 8 ہسپتالوں اور مراکز صحت کے دورے کئے، فرائض منصبی کی ادائیگی میں غفلت اور ڈیوٹی سے غیر حاضری پر متعدد ڈاکٹرز اور دیگر اسٹاف کو معطل کردیا، سیکرٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب محمد اقبال نے ضلع بہاولنگر میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں چشتیاں، منچن آباد، ہارون آباد، فورٹ عباس اور دیہی مراکز صحت ڈونگہ بونگہ، فقیر والی اور مروٹ کا دورہ کیا، انہوں نے ڈیوٹی سے دانستہ غیر حاضری پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایڈہاک خاتون میڈیکل افسر ڈاکٹر ہما بھٹی اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منچن آباد کی ایڈہاک کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ ڈاکٹر فوزیہ رانی کے خلاف محکمانہ کاروائی کی سفارشات محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کو ارسال کر دی گئیں جبکہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ہارون آباد کے سرجن ڈاکٹر محمد علی رضا اور رورل ہیلتھ سنٹر فقیر والی کے ریڈیو گرافر افضال حسین گیلانی کو معطل کرکے انہیں فوری محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب رپورٹ کرنے کی ہدایت کی، اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ نے ہسپتالوں میں صفائی، ادویات سٹاک اور دیگر امور میں ناقص کارکردگی پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈی ایچ کیو اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں منچن آباد و ہارون آباد کی سرزنش کی۔