راولپنڈی کے بیشتر علاقوں سے گیس غائب، ایل پی جی سلنڈرز بھی پہنچ سے باہر

December 02, 2022

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی حسب معمول شہر کے بیشتر علاقوں میں قدرتی گیس نایاب ہو گئی جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔بعض علاقے ایسے بھی ہیں جہاں رات بھر اور بعض علاقوں میں تو پورا پورا دن یہ بنیادی سہولت میسر نہ ہونے سے کھانا تک نہیں بنتا۔ شدید سرد موسم میں گیس فراہمی نہ ہونے سے بچے اور بوڑھے بالخصوص مسائل کا شکار ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں ایل پی جی سلنڈر مہینے کے بجٹ کو متاثر کر دیتا ہے اور 1200روپے من سوختہ لکڑی بھی پہنچ سے دور ہے۔ میڈیا ٹائون کے رہائشیوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ رات ساڑھے آٹھ سے صبح 6 بجے تک گیس مکمل بند کر دی جاتی ہے جس سے فجر کی نماز میں وضو کیلئے بھی گرم پانی دستاب نہیں ہو تا ۔ صادق آباد مسلم ٹائون، جھنڈا چیچی، چمن زار، جہانگیر روڈ اور اڈیالہ روڈ کی اکثر آبادیوں کے رہائشی بھی انہی مسائل سے دوچار ہیں، گلشن آباد، کہکشاں کالونی، علی ٹائون، منور کالونی، جنجوعہ ٹائون، لالہ زار، ڈھوک جمعہ، بکرا منڈی اور اشرف کالونی سمیت شہر کے درجنوں علاقوں میں کہیں پریشر انتہائی کم ہوتا ہے تو کہیں گیس کی جگہ صارفین کو صرف ہوا ملتی ہے۔ صارفین کے مطابق سیاستدان عوامی مسائل کا ادراک نہیں کر رہے۔ انہوں نے وزیر اعظم، وفاقی وزیر، ایم ڈی سوئی ناردرن سمیت دیگر حکام سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔