ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میں لوکل پرچیز کے نام پر پیپرا رولز کی خلاف ورزی

December 02, 2022

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی میں لوکل پرچیز کے نام پر پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 192اعشاریہ015ملین روپے کی ادویات و دیگر اشیا خریدنے پر آڈٹ ڈیپارٹمنٹ نے اعتراضات عائد کرتے ہوئے اسے سنگین مالی بے ضابطگی قرار دیدیا ۔آڈٹ پیرے کل ڈسٹرکٹ اکائونٹ کمیٹی کے اجلاس میں پیش ہوں گےجن کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔باخبر ذرائع کے مطابق مالی سال2021-22اور 2022-23کیلئے مقامی سطح پر کی جانے والی خریداریوں پر اعتراضات لگے ہیں۔ادویات ٹینڈر کے ذریعے خریدنے کی بجائے کوٹیشنز پر لی گئیں۔ ایک اور کیس میں لوکل پرچیز بجٹ سےمخصوص عوامل و مریضوں کی بجائےبلک میں 30اعشاریہ894 ملین کی خریداری کی گئی ۔ ایک اور آڈٹ پیرا میں انکشاف کیا گیا کہ 20اعشاریہ 825ملین روپے کی ادویات و دیگر اشیا کی خریداری ایک ساتھ کرکے ریکارڈ میں دکھایا گیا کہ ٹائم ٹو ٹائم مختلف ہیلتھ سنٹرز کی ڈیمانڈ پر خریداری کی گئی جبکہ کسی بھی سنٹر کی ڈیمانڈ ریکارڈ پر نہیں ہے ۔ کئی خریدی گئی ادویات و اشیاء کی ترسیل بھی نہیں ہوئی تھی۔