عباسی اسپتال کی زبوں حالی باعث تشویش ہے، حافظ نعیم

December 03, 2022

کراچی (اسٹاف رپو ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نےعباسی شہید اسپتال کی ابتر حالت، مسلسل زبوں حالی کے باعث مریضوں کو درپیش مشکلات و پریشانیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت اور کے ایم سی کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر اس ہسپتال کو تباہ و برباد کیا ہے اور آج ایک بار پھر ملی بھگت سے ان دونوں پارٹیوں پر مشتمل کمیٹی بنادی گئی ہے ان سے بہتری اور بحالی کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ کمیٹی بنا کر وقت گزاری کے بجائے،نا اہلی اور کرپشن ختم،اسپتال کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو سرکاری سطح پر بہتر طبی سہولتیں اور علاج معالجے کے مناسب مواقع میسر آسکیں،انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق اسپتال کے کئی شعبے یا تو بند یا پھر غیر فعال ہیں، بھاری مالیت کی ایکسرے اور سی ٹی اسکین مشینیں خراب ، ادویاہ موجود ہے نہ لیبارٹری فعال جس کے باعث غریب عوام کو اپنے مریضوں کے علاج کیلئے ہزاروں روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں۔