کراچی (اسٹاف رپورٹر ) فلسطین فائونڈیشن پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لئے یوم نکبہ بعنوان یوم واپسی مہم منایا گیا، ملک بھر کی جامعہ مساجد میں بعد نماز جمعہ فلسطینی عوام کےحق واپسی کے مطالبہ کی حمایت اور فلسطین پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ناجائز قیام کے 78سال مکمل ہونے پر صیہونی مظالم اور دہشتگردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی گئی ، مرکزی احتجاج کراچی پریس کلب کے سامنے کیا گیا جہاں ملک بھر کی سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنمائوں، وکلاء برادری، فنکاروں ، اساتذہ ، طلباء و طالبات اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے وا لی خواتین اور مردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مقررین نے کہا کہ عالمی اداروں سمیت مسلمان حکومتیں فلسطین کے لئے عملی مدد کرنے سے قاصر ہیں، پاکستان کے عوام فلسطینی عوام کے حق واپسی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں قومی اسمبلی سمیت سینیٹ میں فلسطینی عوام کے فلسطین حق واپسی کی حمایت میں قرارداد منظور کی جائے،مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطین، لبنان اور ایران میں مستقل جنگ بندی کی جائے اور امریکی حکومت اپنی قابض افواج کو مشرق وسطیٰ سمیت دیگر خطوں سے باہر نکالے، اس موقع پر ڈاکٹر صابر ابو مریم ،ڈاکٹر معراج الہدیٰ ،علامہ باقرعباس زیدی ،ندیم اعوان ،بنڈت وجے محراج ،سردار مگن سنگھ،یونس بونیری،علامہ عقیل انجم ،اسرار عباسی ،علامہ قاضی احمد نورانی ،ارم بٹ ،محمدحسین محنتی،علامہ مختار امامی اور دیگر نے دیگر موجود تھے ۔