بہرام ڈھیری تنگی کی منقطع بجلی سپلائی لائن کو بحال کرنے کا مطالبہ

December 03, 2022

پشاور( لیڈی رپورٹر)بہرام ڈھیری تحصیل تنگی ضلع چارسدہ کے رہائشی معاذ اللہ خان اور بسم اللہ خان نے وزیر اعظم پاکستان، گورنر خیبر پختونخوا، مشیر وزیر اعظم انجینئر امیر مقام اور چیف ایگزیکٹیو پیسکو سے مطالبہ کیا ہے،ان کے منقطع بجلی سپلائی لائن کو دوبارہ بحال کر کے ہزاروں افراد کو پانی اور غذائی اجناس کی قلت سے بچایا جائے۔پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیسکو نے ان کے علاقے کی 50سال پرانی بجلی لائن کاٹ کر بہرام ڈھیری کے دو ویلیج کونسلوں کے ہزاروں رہائشیوں کو بجلی جیسی بنیادی ضرورت سے مھروم کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام تر کوششوں اور متعلقہ حکام سے رابطوں کے باوجود پیسکو اور درگئی گرڈ سٹیشن کے حکام بجلی لائن بحال کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں، معززین بہرام ڈھیری نے کہا کہ بجلی منقطع ہونے سے ان کے علاقے میں پانی کا بھی بحران پیدا ہوگیا ہےچونکہ ان کا علاقہ بارانی علاقہ ہے لہذا پچھلے 11ماہ سے زرعی پیداوار بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اگر بجلی کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو علاقے میں پینے کے پانی کے ساتھ ساتھ غذائی اجناس کی قلت کا بھی امکان ہے۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان،گورنر خیبر پختونخوا،وفاقی مشیر انجینئر امیر مقام اور چیف ایگزیکٹیو پیسکو سے صورتحال کا نوٹس لینے اور بجلی لائن بحال کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔