لائن کی تباہ کن بولنگ، آسٹریلیا نے پرتھ ٹیسٹ 164 رنز سے جیت لیا

December 05, 2022

پرتھ (نیوز ایجنسیز ) آسٹریلیا نے ناتھن لائن کی تباہ کن بولنگ اور مارنس لبوشین کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 164 رنز سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز ویسٹ انڈین ٹیم 498 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 333 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، کریگ بریتھویٹ نے 110 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، دیگر بیٹرز میں روسٹن چیز 43 اور الزاری جوزف 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے ناتھن لائن نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لبوشین نے پہلی اننگز میں 204 اور دوسری اننگز میں 104 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، انہیں مرد میدان قرار دیا گیا۔