• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

12 سال کا جمود ٹوٹ گیا، ایشین گیمز ویمنز کرکٹ میں پاکستان کا برانز میڈل، بھارت کیلئے گولڈ

ناگویا ( نصر اقبال/ نمائندہ خصوصی) ایشین گیمز میں12 سالہ طویل جمود کے بعد پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے برانز میڈل جیت لیا۔ ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام نے پاکستانی ٹیم کو میڈل دیا۔ فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا۔ منگل کو چین نے میڈلز کی نصف سنچری مکمل کرلی۔ بالترتیب 32،13، 8گولڈ، سلور اور برانز میڈلز کے ساتھ اس کے تمغوں کی تعداد53 ہوگئی، جاپان دوسری، کوریا تیسری پوزیشن پر ہے۔ منگل کو پاکستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 31 رنز سے شکست دی ۔ پاکستان نے 8 وکٹوں پر145 رنز بنائے، کپتان فاطمہ ثناء 45 ، گل فیروزہ 31 اور عالیہ ریاض 25 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ ناکام ٹیم سات وکٹوں پر صرف 114 رنز بناسکی ۔ شرمین اختر 46 اور نگار سلطانہ نے 25 رنز اسکور کیے۔ ام ہانی نے 3 جبکہ فاطمہ ثنا، نشرہ سندھو، عائشہ ظفر اور تسمیہ رباب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم کی کپتان ثناء فاطمہ نے کہا کہ ایونٹ میں خاصی غلطیاں ہوئیں جس کی وجہ سے گولڈ میڈل نہیں جیت سکے۔ دوسری جانب فائنل میں بھارت نے 3 وکٹوں پر 216 رنز بنائے۔ سمرتی مندھانا 79، شفالی ورما 48 ، ریچا گھوش 49 رنز کےساتھ نمایاں رہیں۔ سری لنکا کی ٹیم صرف 69رنز بناسکی۔ دیپتی شرما نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ایشین گیمز میں مردوں کے کرکٹ مقابلے بدھ سے شروع ہوں گے ۔ منگل کو ہانگ کانگ کی سیوبھان ہاگی نے ویمنز 100 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتا۔ تیراکی مقابلوں میں چینی تیراکوں نے مزید 4 گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔ جاپان نے جمناسٹک میں تاریخی کامیابی حاصل کی جہاں آئیکو سوگیہارا نے خواتین کے آرٹسٹک جمناسٹک انفرادی آل راؤنڈ مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا۔ اس کے علاوہ تیراکی اور تلوار بازی میں بھی سونے کے تمغے حاصل کیے۔ بھارت کے ہمانشو ڈھلون نے مردوں کے 10 میٹر ایئر رائفل ایونٹ میں سلور اور رودرانکش پاٹل نے برانز میڈل حاصل کیا۔ ہاکی میں بھارت نے سری لنکا کو 1-16 سے عبرتناک شکست دی، مینز فٹ بال میں ازبکستان انڈر-23 نے ویتنام کو 0-2 سے شکست دی۔