ناگویا (نصر اقبال/ نمائندہ خصوصی) ایشین گیمز میں منگل کو ہاکی اور کبڈی میں پاکستان نے کامیابیاں حاصل کیں جبکہ دیگر کھیلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہاکی ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں ازبکستان کو 1-5 سے شکست دے دی۔ کبڈی میں نیپال کو زیر کیا اور تلوار بازی میں پاکستان کے بریال خان نے منگولیا کے چن گس کو مات دی۔ گھڑ سواری میں عثمان خان 20 ویں نمبر پر رہے، سافٹ ٹینس کے انفرادی مقابلوں میں ایراج زیدی، محمد علی، حسین آرائیں اور کائنات شلوانی کو شکست ہوئی ، ٹیبل ٹینس مکسڈ ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں نیپال نے پاکستان کو ہرایا جبکہ باکسنگ میں سوماما رحمان کو تاجکستان کے میروج سوفی اور ووشو میں امین اللہ کو ویتنام کے وان تام نے ہرایا ۔