کراچی (اسٹاف رپورٹر) عالمی چیمپئن بھارت جاپان کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں بڑی خفت سے بال بال بچ گیا اور دو رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ بارش کے باعث میچ پانچ، پانچ اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔ بھارت نے چار وکٹوں پر 32 رنز بنائے، جاپانی ٹیم تین وکٹوں پر 30 رنز بناسکی۔ آخری اوور میں جاپان کو فتح کیلئے آٹھ رنز درکار تھے کہ اکشر پٹیل کی گیند پر بیٹر الیگزینڈر شیرائی پاٹمور کی ریورس ہٹ کی کوشش پر امپائر کرس تھرگیٹ نے وائیڈ قرار دے دیا۔ اگلی گیند پر بھی وائیڈ کا اشارہ کیے جانے پر بھارتی کھلاڑیوں نے شدید احتجاج کیا، جس کے بعد ایلیٹ پینل امپائر کرس براؤن نے ساتھی امپائر سےدوسری وائیڈ کا فیصلہ تبدیل کرنے کو کہا۔ اس طرح ہدف دوبارہ مشکل ہوگیا۔ اکشر پٹیل نے آخری اوور میں پانچ رنز دیے اور بھارت نے میچ جیت لیا۔ احتجاج اور امپائر سے بحث کے باعث بھارتی کپتان شریاس ایئر اور اکشر پٹیل کو تنقید کا سامنا ہے۔