ناموس رسالتؐ، عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنا قابل تشویش، فضل الرحمان

December 05, 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے متعلق عدالتی فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لئے اپیل دائر کرنا انتہائی قابل تشویش ہے۔پی ٹی آئی دور حکومت میں دائر کی گئیں شرمناک اپیلوں کی پیروی اب پی ڈی ایم دور حکومت میں سپریم کورٹ میں شروع ہونا سوالیہ نشان ہے، اس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے خصوصی طور پر بات کروں گا کہ کیا پی ٹی آئی کی حکومت کا گند موجودہ حکومت کے سر ڈالنا چاہتے ہیں؟ اتوار کو اپنے رہائش گاہ پر تحریک تحفظ ناموس رسالت کے قائدین مفتی مجیب الرحمن،علامہ قاری نوید مسعود ہاشمی اور حافظ احتشام احمد سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہااپیلوں کو واپس لینے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ وفد نے مولانا فضل الرحمن کو بتایا کہ ”سوشل میڈیا پر 2016ء سے مقدس ہستیوں اور شعائر اسلام کی توہین پر مبنی بدترین گستاخانہ مواد کے خلاف لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے قابل ذکر چار تاریخی فیصلے صادر کیے۔اب تک ایک سو سے زائد ایسے ملزمان گرفتار کئے جاچکے ہیں۔آٹھ ملزمان کو سوشل میڈیا پر توہین رسالت پر مبنی بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیر کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنا ئی چکی ہیں۔