سندھ اولیاء کی دھرتی، دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتی ہے، سلیم حیدر

December 06, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) شاہ عبدالطیف سوشل اینڈ کلچرل ایسو سی ایشن کے زیراہتمام سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے آیڈیٹوریم میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم کے مشیر برائے بیرون ممالک پاکستانی وہیومن ریسورس سردار سلیم حیدر تھے۔ڈی جی ڈاکٹر فرزانہ الطاف شاہ کی زیرصدارت تقریب میں آذربائیجان کے سفیر اور رومانیہ کے ڈپٹی سفیر نے بھی اپنی بیگمات کے ہمراہ شرکت کی۔اپنے خطاب میں سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ سندھ اولیاء کی مہمان نواز دھرتی ہے جس کی سیکڑوں برس پرانی ثقافت وقت گزرنے کے ساتھ آج بھی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھی اجرک اور ٹوپی ہماری شان ہے، ڈی جی پی این سی اے محمد ایوب جمالی، چوہدری انیس اقبال اور چنیسر آریسر سمیت دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں تقریب کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی تقاریب محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کو مزید قریب لاتی ہیں۔ اس موقع پر سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی بحالی میں گراں قدر خدمات سرانجام دینے پر ڈاکٹر فرزانہ الطاف شاہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا، ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری زاہد جتوئی کے مطابق تقریب میں سندھ کے نامور گلو کاروں فرح لاشاری اور ایاز سمو سمیت دیگر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، تقریب کے آخر میں سردار سلیم حیدر، آذربائیجان ورومانیہ کے ڈپٹی سفیر سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کو ایوارڈ بھی دیئے گئے۔