بنوں، ریٹائرڈ واپڈا ملازمین کی جی ایل آئی فراہمی کیلئے درخواست

December 06, 2022

پشاور(کرائم رپورٹر)واپڈا کے ریٹائرڈ ملازمین نے گروپ لائف انشورنس (جی ایل آئی)کی فراہمی کیلئے پشاورہائیکورٹ کے بنوں بنچ میں عدالتی احکامات پر عملدرآمدکی درخواست دائر کردی جس میں ریٹائرڈ،پنشنرزاوربیوہ گان کو جی ایل آئی دینے کے احکامات جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ پیرمحمد لائق شاہ ودیگرنے بیرسٹر مصدق برکی کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے جس میں مرکزی حکومت، واپڈا و پیسکووغیرہ کوفریق بنایاگیا ہے ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ان ریٹائرڈ ملازمین سے1985-86سے انشورنس کی مد میں رقم کی کٹوتی کی جاتی رہی۔ لہٰذا ریٹائرمنٹ کے بعد ان کا حق بنتا ہے کہ انہیں اس کی ادائیگی کی جائے تاہم پالیسی یہ بنائی گئی کہ دوران سروس فوت ہونے والے ملازمین کو اسکی ادائیگی کی جائے گی۔درخواست گزاروں کے مطابق رقم کٹوتی کے وقت انہیں ایسا کوئی آپشن نہیں دیا گیانہ ہی پیسکوحکام کے پاس اس حوالے سے کوئی ثبوت موجود ہے۔ محکمہ تعلیم کے ریٹائرڈاہلکار کوسپریم کورٹ نے جی ایل آئی کاحقدارقراردیا گیا تھاجسکے بعد پنجاب وبلوچستان میں بھی حکومتوں نے جی ایل آئی کی منظوری دی جبکہ اس حوالے سے پشاورہائیکورٹ کا بھی فیصلہ موجود ہے جس میں جی ایل آئی ریٹائرڈ ملازمین کا حق قراردیاگیا تھا۔ کیس میں پیسکو نے جواب جمع کیاہے کہ درخواست گزار جی ایل آئی کیلئے واپڈا سے رجوع کریں حالانکہ وہ انشورنس کی مد میں ادائیگی کرتے رہے۔ ہائیکورٹ بنوں بنچ کیس پر مزید سماعت15دسمبر کوکرے گی۔