کراچی، شاہین فورس کے اہلکار کا قتل، کیس کی مزید تفتیش CTD کے حوالے کرنیکا فیصلہ

December 06, 2022

کولاج، اسکرین گریبز

پولیس حکام کی جانب سے کراچی میں شاہین فورس کے اہلکار عبدالرحمٰن کے قتل کیس کی مزید تفتیشکاونٹر ٹیرززم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شاہین فورس کے اہلکار کے قتل کیس کی تفتیش کاؤنٹر ٹیرززم ڈپارٹمنٹ کو منتقل کرنے سے متعلقپولیس حکام نے تحریری حکمنامہ بھی جاری کر دیا ہے۔

شاہین فورس کے اہلکار کے قتل کیس کی تفتیش سے متعلق ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو خط لکھا ہے۔

تحریری حکم نامے میںپولیس حکام نے کہا ہے کہ مقدمہ الزام نمبر 500/22 کی تفتیش سی ٹی ڈی منتقل کی جائے، پولیس اہلکاروں کے قتل کی تفتیش سی ٹی ڈی کرتی ہے، اہلکار کے قتل کے مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں، کیس میں سہولت کار ملزمان عامر اور اورنگزیب اس وقت جیل میں ہیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ ،عرفان بلوچ کا خط میں کہنا ہے کہ معاملہ بین الاقوامی ہے، سی ٹی ڈی غیر ملکی اداروں سے رابطے کا تجربہ رکھتی ہے، سی ٹی ڈی انٹرپول سے رابطہ کرکے دہشتگردی کے ملزم کو پاکستان منتقل کرنے میں بہتر کردار ادا کر سکتی ہے۔

تحریری حکم نامے میںپولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے قتل کے مرکزی ملزم خرم نثار کو فرار کرانے میں سہولت کاری کی، دونوں کی جانب سے سہولت کاری کے واضح ثبوت موجود ہیں، ملزم خرم نثار کے والد کے خلاف سہولت کاری کے شواہد ملے تو باقاعدہ گرفتار کیا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق فی الحال ملزم کے والد کو صرف شامل تفتیش کیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں 21 نومبر کی رات کو ملزم خرم نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو قتل کر دیا تھا، پولیس اہلکار کو قتل کرنے کے بعد ملزم یورپ فرار ہو گیا تھا۔