ملتان میں دھند، پاکستان کیلئے ٹیسٹ جیتنا، سیریز برابر کرنا مشکل، دوسرے میچ کیلئے ٹیموں کی آمد

December 07, 2022

راولپنڈی (عبدالماجدبھٹی/ نمائندہ خصوصی) انگلینڈ کے ہاتھوں پہلا ٹیسٹ74 رنز سے ہارنے کے بعد پاکستانی اور انگلش کرکٹ ٹیمیں ملتان پہنچ گئی ہیں۔پاکستان کا ہدف دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنا ہے ۔ لیکن ملتان میں دھند کے ڈیرے ہیں اور موسم کی وجہ سے کھیل متاثر ہونے اور ٹیسٹ فیصلہ کن نہ ہونے کے امکانات ہیں۔ بدھ کو دونوں ٹیموں کی فلائٹ اسلام آباد سے تین گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی کیوں کہ ملتان میں دھند کی وجہ سے چارٹرڈ فلائٹ کو روانگی کی اجازت نہیں مل رہی تھی۔ ملتان ٹیسٹ جمعے سے شروع ہوگا۔ چیئرمین رمیز راجا نے قومی کرکٹ ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف سب پلیئرز جان ماریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رمیزراجا نے پنڈی ٹیسٹ ہارنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹیم کو ٹیسٹ میچ میں جارحانہ کھیلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح انگلینڈ کھیلا ہے، اس سے ایک ہاتھ آگے آپ کو کھیلنا ہو گا۔ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ جیتا جا سکتا تھا، کھلاڑی تھوڑی اور جان مارتے تو نتائج مختلف ہوتے، فاسٹ بولرزکو اپنا رول ادا کرنا ہو گا۔دوسری جانب پاکستانی بیٹنگ کوچ محمد یوسف تین دن پہلے پچ کے حوالے سے کپتان اور ہیڈ کوچ کا پیغام لے کر ملتان پہنچے تھے ، ڈائریکٹر ندیم خان بھی ملتان پہنچ گئے ہیں۔ محمد یوسف اور ندیم خان، مقامی کیوریٹر ریاض احمد اور پی سی بی چیف کیوریٹر آغا زاہد کو پچ کی تیاری پر مشورے دے رہے ہیں۔ محمد یوسف نے پچ کی تیاری پر میڈیا سے بات کرنے سے انکار کردیا لیکن یہ ضرور کہا کہ پچ کی تیاری کے حوالے سےثقلین مشتاق کا پیغام کیوریٹرز کو پہنچا دیا ہے۔ ملتان میں دھند پڑرہی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ میچ صبح تاخیر سے شروع ہوگا اور شام کو جلد ختم ہوجائے گا۔ اس لئے موسم میچ پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔ پی سی بی نے اعلان کیا ہےکہ فاسٹ بولر حارث رؤف انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئےتاہم ان کے متبادل کا اعلان نہیں کیا گیا۔ پی سی بی نے حارث رؤف کا ایم آر آئی اسکین کروایا ہے جس میں تشخیص ہوئی ہے کہ انہیں گریڈ ٹو کی انجری کا سامنا ہے، جس کی بحالی کیلئے وہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں قیام اور ری ہیب کریں گے۔ پی سی بی کے مطابق حارث رؤف کو ٹانگ کی دائیں جانب دباؤ محسوس ہو رہا ہے۔