حلیم عادل اور اہلخانہ کے خلاف کوئی منفی اقدام نہ کیا جائے، ہائیکورٹ

December 07, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اپوزیشن لیڈر کے گھر پر چھاپوں اور خفیہ انکوائریوں کے خلاف درخواستوں پر وفاقی و صوبائی حکومت، نیب، ایف آئی اے اور دیگر سے آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا، درخواستوں کی سماعت پر حلیم عادل شیخ اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے، ایف آئی اے، نیب، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی ادارے نے جواب جمع نہیں کرایا، سرکاری وکلا نے کہا کہ جواب جمع کرانے کیلئے مزید مہلت دی جائے، وفاقی و صوبائی اداروں کی جانب سے جواب داخل نہ کرنے پر عدالت نے اظہار ناراضی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے اپوزیشن لیڈر اور ان کے اہلخانہ کے خلاف کوئی منفی اقدام نہ کیا جائے، عدالت نے سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کردی عدالت نے حلیم عادل کے خلاف درج مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں، گھر پر چھاپوں کے خلاف اور مقدمات و انکوائریوں کی تفصیلات کے لئے 2 درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔