امتحانی پیٹرن کی تبدیلی کیلئے اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس جلد بلایا جائے، ڈاکٹر سعید

December 07, 2022

کراچی(سید محمد عسکری) سندھ بورڈز کمیٹی آف چیئرمین(SBCC) کے سربراہ اور انٹربورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین نے آئندہ برس 2023 میں ہونے والے میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات میں امتحانی پرچوں کے پیٹرن کو طے کرنے کے سلسلے میں اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس جلد بلانے کے لئے وزیر تعلیم سردار علی شاہ کو دوسرا خط بھی لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 12 ستمبر 2022 کو بھی اس عنوان پر خط لکھا گیا، چنانچہ ایک بار پھر آپ سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ آپ محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد کریں تاکہ میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات -2023 کے شیڈول کے ساتھ ساتھ پیپرز کے پیٹرن کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا سکے اور طلباء اور اساتذہ کی سہولت کیلئے اسے شائع کیا جا سکے تاکہ طلباء شیڈول اور پیپرز کے پیٹرن کے مطابق امتحانات کی تیاری کریں۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات 2023 کیلئے یہ طے ہونا باقی ہے کہ امتحانی پیٹرن کیسا ہو گزشتہ برس امتحانی پیٹرن 40 فیصد ایم سی کیوز، 40 فیصد مختصر جوابات اور 20 فیصد لمبے جوابات پر مبنی تھا جبکہ آئندہ سال ہم اس امتحانی پیٹرن کو 20 فیصد ایم سی کیوز، 40 فیصد مختصر جوابات اور 40 فیصد لمبے جوابات پر لے جانا چاہتے ہیں۔