بلاول پوری دنیا میں گھومے پھرے تاحال افغانستان نہیں گئے، تجزیہ کار

December 07, 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان مبشر ہاشمی کے سوال جنگ بندی کے اعلان کے بعد کالعدم ٹی ٹی پی کے حملوں میں اضافہ، افغانستان میں طالبان کے ٹیک اوور سے پاکستان کو فائدہ حاصل ہوا یا نقصان؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کے ٹیک اوور سے پاکستان کو فائدے اور نقصانات دونوں ہوئے ہیں.

کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان میں بزوربازو اپنا نظام لانا چاہتی ہے انہیں سختی سے روکا جانا چاہئے، بلاول بھٹو پوری دنیا میں گھومے پھرے لیکن ابھی تک افغانستان نہیں گئے۔

سلیم صافی نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کے برسراقتدار آنے سے پاکستان میں ان کے ہم نظریہ لوگوں کے حوصلے بڑھ گئے، ہم نے یہ مفروضہ گڑھ لیا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے پیچھے را اور این ڈی ایس ہے، مگر افغان طالبان کے اقتدار میں آتے ہی جیلوں سے ساڑھے چار ہزار ٹی ٹی پی کے لوگ رہا کردیئے گئے۔