عمران احسان فراموش، محسن کو ڈسنے سے بھی گریز نہیں کیا، سینیٹر ثمینہ

December 07, 2022

کوئٹہ (پ ر) بلوچستان عوامی پارٹی کی نائب صدر سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے جنرل باجوہ سے متعلق بے سروپا بیانات و الزامات کے حوالے سے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ کسی نے احسان فراموشی سیکھنی ہے تو عمران خان سے سیکھے۔پی ٹی آئی کی قیادت نے من گھڑت اور بے سروپا بیانات کے ذریعے جھوٹ اور منافقت کی انتہا کر دی ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عمران خان جنرل باجوہ کے جانے کے بعد ان کے خلاف جھوٹ اور منافقت پر مبنی زبان استعمال کر رہے ہیں اس سے ان کی منافقت کھل کر سب کے سامنے آگئی ہے ۔ہم نے عمران خان سے بڑا احسان فراموش نہیں دیکھا۔ جس نے اپنے محسن کو بھی ڈسنے سے گریز نہیں کیا۔مونسی الٰہی اور پرویز الٰہی کی نجی چینلز سے گفتگو میں سب حقیقت عیاں ہو گئی جس میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران خان کس طرح اقتدار میں آئے اور کس حد تک انہیں سپورٹ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی جنہیں کوئی جانتا تک نہیں اب اتنے بڑے لیڈر ہو گئے ہیں کہ اعلیٰ اداروں اور ان کے سربراہ کا نام لے کر الٹی سیدھی زبان استعمال کر رہے ہیں جو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا حالیہ بیان پارلیمانی جمہوری نظام پر حملوں کا تسلسل ہے۔ عمران خان کی سیاست کا مقصد صرف اور صرف اقتدار کا حصول ہے ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے واضح کیا کہ ملک اور قوم کے تحفظ اور دفاع کے حوالے سے پوری قوم اور پاک فوج کا عزم پختہ اور غیرمتزلزل ہے۔پاک فوج کیخلاف غلیظ زبان استعمال کرنے اور گھٹیا الزامات ناقابل برداشت اور انتہائی قابل مذمت ہیں۔انہوں نے پوری پاکستانی قوم سے اپیل کی کہ پاک فوج کے خلاف منفی باتیں کرنے اور من گھڑت الزامات لگانے والوں کامکمل بائیکاٹ کریں۔