امپورٹڈ حکومت کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں، اشتیاق ارمڑ

December 08, 2022

پشاور ( جنگ نیوز )خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات وما حولیات ، جنگلی حیات اور موسمیاتی تبدیلی سید محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حقیقی آزادی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے جدوجہد جاری ر کھے ہوئے ہے اور اپنے دور اقتدار میں پاکستان تحریک انصاف نے تمام اداروں کو مضبوط کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے پی کے۔ 9 6 کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھرکے عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور اس کا عملی مظاہرہ ملک کے اندر ہونے والے مختلف انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کی صورت میں دیکھا جا چکاہے۔ پی ٹی آئی مشنری جذبے کے تحت عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے اور چئیر مین عمران خان کی قیادت میں ملک کی ترقی و خوشحالی اور میرٹ کی بالادستی کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے ۔ چیرمین عمران خان ملک کے اندر عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی کے ہیرو ہیں عوام میں پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر امپورٹڈ حکومت اور سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں ۔پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اب مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوںکے جال بچھائے جا رہے ہیں اور فلاح و بہبود کے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بذات خود عملی طور پر اقدامات کر رہے ہیں جس سے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوںگی۔