بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے رہنما حکومت مخالف ریلی سے قبل گرفتار

December 09, 2022

بنگلہ دیش کی اپوزیشن جماعت کے جنرل سیکریٹری اور سابق وزیر کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈھاکا سے خبر ایجنسی کے مطابق اپوزیشن کے دونوں رہنماؤں کو وزیراعظم کیخلاف ریلی نکالنے سے قبل گرفتار کیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کو تشدد پر اکسانے اور سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا۔

دوسری جانب بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور سابق وزیر کو رات کو گھر سے گرفتار کیا گیا۔

پارٹی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ریلی سے قبل پولیس اب تک پارٹی کے تقریباً 2 ہزار ارکان کو گرفتار کرچکی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق بی این پی نے کل وزیراعظم شیخ حسینہ کے خلاف ریلی نکالنے کااعلان کر رکھا ہے۔

خبر ایجنسی نے بتایا کہ بی این پی وزیراعظم کے مستعفی ہونے اور نئےانتخابات کرانے کامطالبہ کر رہی ہے۔ پولیس نے کل کی ریلی روکنے کیلئے جگہ جگہ چیک پوائنٹس بنالیے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش میں ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بجلی کے شٹ ڈاؤن کیخلاف مظاہرے جاری ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش میں بدھ کو ہونے والے حکومت مخالف مظاہرے میں ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئےتھے۔