تیندو ے سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

December 10, 2022

اسلام آباد ( اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے گرد رہائشیوں اور ٹورسٹ وغیرہ کو تیندوے (چیتے)کے حملے سے بچاؤ کیلئے ضروری ہدایات جاری کر دیں ، بورڈ انتظامیہ کی طرف سے شہریوں میں تقسیم کئے جانے والے پمفلٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگل میں لکڑی اور چارے کے حصول کیلئے علی الصبح اور بعد شام جانے سے گریز کیا جائے ، رات کے وقت گھر کےسامنے بجلی کا بلب روشن رکھا جائے، بکریوں کو کسی محفوظ مقام پر بند رکھیں ، جنگل میں مال مویشیوں کو اکیلے نہ چھوڑا جائے، جنگل سے صبح یا شام گزرتے وقت با آواز بلند بات چیت کریں ، اگر جنگل میں تیندوے سے آمنا سامنا ہو جائے تو گھبرا کر نہ بھاگا جائے اور نہ ہی چلائیں ، اس طرح کا ردعمل تیندے کے شکار کی طرح ہو گا ، ہوش و حواس قائم رکھتے ہوئے پچھلے قدموں واپس چلے جانا چاہئے ، جنگل سے گزرتے وقت اگر تیندوے کی غرغراہٹ ہو تو آگے جانے سے گریز کیا جائے ، شہریوں سے مزید کہا گیا ہے کہ ایسی جگہ جہاں مادہ تیندوا اپنے بچوں کے ہمراہ نظر آئے وہاں نہ جایا جائے ، اگر تیندوا بالکل آپ کے سامنے آ جائے تو دونوں ہاتھوں سے تالی بجائیں ، بڑا دکھائی دینے کیلئے ہاتھوں یا شال کو لہرائیں ، رات کو رفع حاجت کیلئے باہر جانے سے گریز کیا جائے ۔