موبائل میٹرریڈنگ سے اووربلنگ کا خاتمہ ہوجائیگا، ایڈیشنل سیکرٹری پاور

December 10, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن شکیل قادر نے کہا ہے کہ صارفین کی میٹرریڈنگ کے مطابق بجلی بل بھجوانا ہماری ذمہ داری ہے۔ میپکو ریجن میں موبائل میٹرریڈنگ کی شرح دیگر بجلی کی کمپنیوں سے بہترہے مگر اس میں مزید بہتری کی ضرورت ہے اس سے اووربلنگ/اووریڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائیگا۔ مالی سال 2022-23ء کی پہلی سہ ماہی میں میپکو نے لائن لاسز کی شرح میں 2فیصد کمی کی ہے جس کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ میپکو افسران ماہانہ بجلی بلوں کی ریکوری کے 100فیصداور نادہندگان سے واجبات /بقایاجات وصولی کے اہداف حاصل کریں۔ وزارت توانائی اہداف کے حصول میں ناکام ہونے والے افسران کے خلاف سخت ایکشن لے گی۔ وہ رواں مالی سال 2022-23ء کی پہلی سہ ماہی (جولائی تاستمبر) کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے آن لائن خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں جنرل منیجر آپریشن میپکو ناصر ایاز گرمانی، جنرل منیجر کسٹمرسروسز جام گُل محمد زاہد، جنرل منیجر ٹیکنیکل ظفر اقبال گِل، فنانس ڈائریکٹر میاں انصار محمود، ڈی جی ایچ آر اینڈ ایڈمن لیاقت علی میمن چیف انجینئر ٹی اینڈ جی خالد نذیر، چیف انجینئر پلاننگ نور الحسن ڈوگر، چیف سٹریجیٹک پلانر جاوید اقبال گِل، ڈائریکٹرکمرشل اسد حماد،ڈائریکٹر اکاؤنٹس آفتاب فضل، منیجر ٹرانسمیشن سیف اللہ سُرانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔