آرمی ایکٹ کے تحت قید ملزمان کیلئے فون سہولت کا خاتمہ، جواب طلب

January 26, 2023

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے جیل میں آرمی ایکٹ کے تحت سزا بھگتنے والوں کیلئے فون کی سہولت ختم کرنے کیخلاف رٹ پر نوٹس جاری کرکے پندرہ دن میں جواب طلب کرلیا ہے۔محمد ادریس خٹک نے کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم،ملک وحید اختر، عبدالباسط تنولی اور ڈاکٹر عثمان ایڈووکیٹس کے ذریعے دائر رٹ میں موقف اختیار کیا کہ آئی جی جیل خانہ جات نے 6دسمبر2022کو نوٹیفکیشن جار ی کیاہے جس کے تحت آرمی ایکٹ کے تحت جیلوں میں بند ملزمان کے فون کے ذریعے رابطوں پر پابندی لگادی گئی ہے۔رٹ میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار اعلی تعلیم یافتہ ہے۔لیکن رولز کے مطابق اس کو جیل میں بہتر کلاس نہیں دی گئی۔جس کیلئے آئی جی جیل خانہ جات کو تحریری درخواست بھی دی گئی لیکن اس کا آج تک جواب نہیں دیا گیا۔رٹ میں جیل میں بہتر کلاس کی فراہمی اور آئی جی جیل خانہ جات کے چھ دسمبر2022کے حکم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔