بحریہ ٹاؤن کا غریب مریضوں کیلئے کاٹھور ایریا میں مفت میڈیکل کیمپ

January 26, 2023

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) بحریہ ٹائون انٹرنیشنل ہسپتال کراچی نے چیئرمین ملک ریاض حسین اور سی ای او علی ریاض ملک کی رائے پر کاٹھور اور دوسرے گردونواح کے دیہات کے لوگوں کیلئے مفت میڈیکل کیمپ لگانے کا خوش آئند آغاز کردیا ہے۔ کاٹھور اور ملحقہ دیہات کے کیمپ میں بحریہ انٹرنیشنل ہسپتال کے متعدد امراض کے سپشلسٹ ڈاکٹروں نے مریضوں کا مفت معائنہ کیا اور ان کو ضروری ادویات بحریہ ٹائون کی طرف سے فراہم کیں، خاص طور پر بحریہ ہسپتال کے ڈاکٹر امراض سینہ ڈاکٹر وقار رشید اور ان کی ٹیم نے سینکڑوں مریضوں کے سانس کا مفت معائنہ کیا جسے سپائرومیٹری ٹیسٹ کہا جاتا ہے۔ سانس کا معائنہ اور اس کے سپائرومیٹری ٹیسٹ اگر دوسرے کسی سپشلسٹ ڈاکٹر سے کرائے جاتے اور ادویات خریدی جائیں تو ایک ایک مریض کو 5 سے 10 ہزار روپے کی ادائیگی کرنا پڑتی۔ چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض اور سی ای او علی احمد ریاض ملک نے اردگرد کے دوسرے دیہات میں بھی ایسے مفت میڈیکل کیمپ لگانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ اردگرد کی آبادی میں چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین اور سی ای او علی ریاض ملک کے اس صدقہ جاریہ سے مستفید ہونے والے سینکڑوں افراد نے بے حد سراہا۔ اس فری کیمپ کا مقصد غریب عوام میں سانس کے امراض کی آگاہی پیدا کرنا اور اس کی جلد ازجلد تشخیص کو اجاگر کرکے بیماری کے پیچیدہ ہونے سے پہلے اس کا بروقت علاج کرنا تھا۔ بحریہ ٹائون انٹرنیشنل ہسپتال کے ماہر امراض سینہ ڈاکٹروقار رشید کی رہنمائی میں تربیت یافتہ ڈاکٹروں نرسوں اور لیبارٹری کے ماہرین کی ٹیم سانس کے امراض کا ٹیسٹ اور مفت علاج مسلسل کرے گی۔ بہت کم عرصے میں بحریہ ٹائون انٹرنیشنل ہسپتال نے اپنی اعلی درجے کی اعلیٰ مفت سہولیات اور انسانیت کی بے لوث خدمات کی وجہ سے اپنا نام روشن کیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر جانے پہنچانے والے امراض کے ماہرین اور تجربہ کار ڈاکٹر علاقے کے غریب عوام کے مفت ٹیسٹ کرکے ان کو بحریہ ٹائون کی طرف سے ادویات دے رہے ہیں۔