پاکستان بار کونسل اجلاس، بلوچستان اور سندھ کے6 ارکان کا واک آؤٹ

January 26, 2023

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)پاکستان بار کونسل کے وائس چیئر مین اور چیئر مین ایگز یکٹو کی نامزدگی میں بلوچستان اور سندھ کو نظر انداز کرنے کے خلاف سندھ اور بلوچستان کے چھ ارکان نے اجلاس سے واک آؤٹ کیا ۔ بدھ کو اسلام آباد میں پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین اور چیئر مین ایگزیکٹو پاکستان بار کونسل کی نامزدگی کے اجلاس کے دوران بلوچستان سے پاکستان بار کونسل کے رکن منیر کاکڑ ایڈوکیٹ نے اعتراض اٹھایا کہ گذشتہ تین سال سے سندھ اور بلوچستان کے نمائندگان کو ان عہدوں کے لئے نظر انداز کیا جارہا ہے پاکستان با ر کونسل فیڈریشن کی علامت ہے اس میں امتیازی سلوک فیڈریشن کی روح کو متاثر کرتا ہے اور بلوچستان اور سندھ کے وکلاء میں احساس محرومی کا موجب بن رہا ہے جس کے خلاف بار کونسل کے اراکین منیر احمد کاکڑ، شفقت محمود چوہان ، چوہدری اشتیاق احمد، شہاب سرکی، طاہر فراز عباسی ، عابد زبیری نے احتجاجا ًاجلاس سےواک آؤٹ کیا ۔ بار کونسل کے اراکین نے فواد چوہدری ایڈووکیٹ کی گرفتاری کی بھی مذمت کی اور انکی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا ۔