ڈار کو کیوں لایا گیا، انکی کوششوں سے ملک کو نقصان ہوا، مفتاح اسماعیل

January 27, 2023

کراچی(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے پاکستان میں عجیب سا سسٹم قائم ہو چکا ہے، ایک چھوٹی سی اشرافیہ ہمارے تمام فیصلے کر رہی ہوتی ہے۔ ایک انٹرویو میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہر ملک ہم سے آگے نکل رہا ہے جس کی وجہ گورننس کا ٹھیک نہ ہونا ہے۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا مقامی سطح پر جب تک اختیارات منتقل نہیں ہوں گے تو گورننس ٹھیک نہیں ہو گی، ہمیں نچلے طبقے کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے جمہوری طرز حکومت اور صدارتی سسٹم کو دیکھا، آمریت کو بھی دیکھ لیا، ملک میں عجیب کا ایلیٹ سسٹم قائم ہو چکا ہے جسے ہٹانا پڑے گا، ایک چھوٹی سی ایلیٹ کلاس پاکستان کے فیصلے کر رہی ہوتی ہے، ہم بھی سسٹم کو نہ بدل سکے اس لیے ہم بھی قصور وار ہیں۔حال ہی میں شروع ہونے والے نیشنل ڈائیلاگ اور نئی سیاسی جماعت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ میں مسلم لیگ ن کا ہی حصہ ہوں، پارٹی نے میرے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی لیکن مستقبل میں الیکشن میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔