منظور قادر و دیگر کیخلاف پلاٹ الاٹمنٹ اور غنی مجید وغیرہ کیخلاف جعلی اکاؤنٹس ریفرنس کے فیصلے محفوظ

January 27, 2023

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے سابق ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادر اور دیگر کے خلاف پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں شریک ملزم کی نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر اور وکلا صفائی عدالت پیش ہوئے اور شریک ملزم خواجہ عبدل کی جانب سے نیب ترمیمی ایکٹ 2022 کے تحت دائردرخواست پر دلائل دئیے۔ دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا جو 7 فروری کو سنایا جائے گا۔ دریں اثنا احتساب عدالت کے فاضل جج ناصرجاوید رانا نے خواجہ عبدالغنی مجید وغیرہ کے خلاف جعلی اکاونٹس کے پنک ریذیڈنسی ریفرنس میں نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت دائر درخواست پر بھی فیصلہ محفوظ کر لیا۔