عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کیس، دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد

January 27, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی مکیش کمار نے ڈاکٹر عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد کردی۔کراچی کی مقامی عدالت میں ڈاکٹر عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے سے متعلق سماعت ہوئی۔اس موقع پر ملزمہ پر فرد جرم عائد کی گئی ،ملزمہ دانیہ شاہ نے صحت جرم سے انکار کیا، ملزمہ کے صحت جرم سے انکار پر آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرتے ہوئے عدالت نے مقدمے کی سماعت 2 فروری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے استفسار کیاکہ آپ کا نام کیا ہے؟ ملزمہ نے بتایا کہ میرا نام دانیہ شاہ ہے، عدالت نے استفسار کیاکہ آپ کے والد کا کیا نام ہے؟ دانیہ شاہ کاکہناتھا کہ میرے والد کا نام مختیار ملک ہے، عدالت کاکہناتھا کہ آپ پر الزام ہے کہ 2022 سے پہلے اور بعد میں آپ نے ڈاکٹر عامر کی ویڈیو بنائیں اور سوشل میڈیا پر وائرل کیں، دانیہ شاہ نے بتایا کہ یہ میرے خلاف سازش ہے، یہ اس لئے کیا جا رہا ہے کہ میں ڈاکٹر عامر کا پوسٹ مارٹم کرانا چاہتی تھی، عدالت نے استفسار کیاکہ آپ پر الزام ہے کہ آپ نے ڈاکٹر عامر کی ویڈیوز ان کی اجازت کے بغیربنائیں،دانیہ کاکہناتھا کہ یہ جھوٹے اور بے بنیاد الزامات ہیں، ایسا کچھ نہیں ہے۔