سر کاری ریڈیو میں اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت متعدد اقدامات،نئے سٹوڈیوز قائم

January 27, 2023

اسلام آباد(نیوز رپورٹر) سر کاری ریڈیو اپنی نشریات کو موثر بنانے ، استعداد کار میں اضافے اور انسانی وسائل کی بہتری کیلئے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا رہا ہے جس میں نئے سٹوڈیوز کا قیام، جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا، نئے ایف ایم چینلز کا آغاز، مواد میں جدت اور آمدن بڑھانے کے ذرائع پیدا کرنا شامل ہے۔ ادارے کےتر جمان کے مطا بق اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت لاہور اور اسلام آباد میں جدید سہولتوں سے آراستہ سٹوڈیوز قائم کئے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں نیوٹیک اور ماحولیات کیلئے چینلز قائم کئے جارہے ہیں۔ پی بی سی کے پلیٹ فارم سے مختلف ایسے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جن سے آمدنی میں اضافہ ہوگا، وسط مدتی اور طویل مدتی اقدامات پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ عملے اور فنکاروں کو بروقت معاوضوں کی ادائیگی کو یقینی بنانے اور دیگر اخراجات پورے کرنے کیلئے فنڈز کی قلت کے مسئلے کو حل کرنے کی بھرپورکوششیں کی جارہی ہیں۔تر جمان نے اس ا پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ کچھ عناصر اپنے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے ان اقدامات کو اپنے مفادات کی راہ میں رکاوٹ اور خطرات تصور کرتے ہیں اور بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا رہے ہیں ۔