سندھ ہائیکورٹ، مزدوروں کی مقرر ہ کم از کم تنخواہ پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم

January 27, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت کو تمام مزدوروں کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 25 ہزار روپے کرنے کے اعلان پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے سندھ حکومت کے موقف پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مزدروں کو کام کے دوران محفوظ ماحول فراہم کرنے سے متعلق تجاویز کے لیے مہلت طلب کی گئی جس پر عدالت نے درخواست کی سماعت 8 فروری تک ملتوی کردی۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کے روبرو درخواست کی سماعت ہوئی۔ سندھ ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

سندھ حکومت کے وکیل نے کہا سندھ حکومت نے 7جولائی 2022کو مزدروں کی تنخواہ 25 ہزار روپے مقرر کرنے کا تحریری اعلان کیا۔ عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ سرکاری وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت 7 جولائی کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔

سندھ حکومت کے وکیل نے کہا سندھ حکومت نے کم سے کم تنخواہ کے قانون 2015 کی سیکشن 4 کے تحت مزدرو کی تنخواہ 25 ہزار روپے مقرر کی ہے۔ سندھ حکومت کے 25 ہزار روپے کے کم سے کم تنخواہ کے نوٹیفکیشن پر صوبے بھر میں عمل درآمد کرایا جائے گا۔