ثانیہ مرزا کو آسٹریلین ڈبلز کے فائنل میں شکست، ٹینس سے ریٹائر

January 28, 2023

میلبورن (جنگ نیوز) انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور روہن بوپننا کی جوڑی کو جمعے کو آسٹریلین اوپن مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، یہ ثانیہ مرزا کے 22 سالہ کیریئر کا آخری میچ تھا۔36 سالہ ثانیہ مرزا آخری بار میلبورن پارک میں اتریں لیکن وہ اور ان کے 42 سالہ پارٹنر برازیلی جوڑی لوئیسا اسٹیفانی اور رافیل میٹوس سے ہار گئے۔ میچ کے بعد تقریب میں ثانیہ مرزا اس شکست سے دلبرداشتہ ہو کر اپنے آنسو نہ روک سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ سلم کیریئر ختم کرنے کے لیے اس سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہے کیونکہ میری شروعات بھی یہیں سے ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بیٹے اذہان کے سامنے پہلی بار گرینڈ سلم فائنل کھیلنا ناقابل یقین لمحہ تھا۔ یہ واقعی خاص ہے کہ میرا چار سالہ بیٹا اور میرے والدین یہاں موجود ہیں۔یاد رہے کہ ثانیہ مرزا نے کیریئر میں43 ڈبلز ٹائٹل جیتے جن میں چھ گرینڈ سلم ٹائٹل بھی شامل ہیں۔ وہ اگلے ماہ دبئی میں ہونے والے ایک ٹورنامنٹ کے بعد تمام ٹینس سے ریٹائر ہوجائینگی۔