• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلہٹ ٹیسٹ، سیریز بچانے کا چیلنج، بابر کی انٹری، رضوان کیلئے لائف لائن، شاہین خطرے میں

کراچی (عبدالماجد بھٹی) بنگلہ دیش کو مسلسل چوتھی کامیابی سے روکنے کیلئے پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹسمین بابر اعظم دوسرے ٹیسٹ میں میدان میں اتریں گے۔ شاہین آفریدی کی جگہ خطرے میں ہے، محمد رضوان کو ایک اور لائف لائن دینے پر غور ہورہا ہے۔ سلہٹ گذشتہ دو دن سے بارش کی زد میں ہے اور اگلے چھ دن مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کا دوسرا ٹیسٹ بارشوں اور ابر آلود موسم میں ہفتے سے شروع ہوگا۔ گرین کیپس کو سیریز برابر کرنا چیلنج درپیش ہے ۔ ذمے دار ذرائع کے مطابق اسٹار بیٹسمین بابر اعظم بائیں گھٹنے کی انجری سے صحت یاب ہوچکے ہیں ۔ انہیں اوپنر امام الحق کی جگہ کھلانے کی تجویز ہے۔اس صورت میں کپتان شان مسعود اور اذان اویس اننگز اوپن کرینگے۔ عبدا للہ فضل تیسرے اور بابر اعظم چوتھے نمبر پر کھیلیں گے۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ خرم شہزاد کو موقع دیا جاسکتا ہے۔ ٹیم انتظامیہ ہفتے کی صبح پچ اور موسم دیکھ کر حتمی گیارہ کھلاڑیوں کا فیصلہ کرے گی ۔ پہلے میچ میں سنچری بنانے والے اذان اویس اور مشکل کنڈیشن میں دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے عبداللہ فضل جو یہ کارنامہ انجام دینے والے چھٹے پاکستانی کھلاڑی بنے ۔ ان نوجوانوں کو باہر نہیں بٹھایا جائے گا۔ کپتان ہونے کی بدولت شان مسعود کے باہر ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ نائب کپتان سعود شکیل اور سلمان علی آغا کو بھی ڈراپ کیے جانے کا امکان نہیں۔

اسپورٹس سے مزید