کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اور زمبابوے کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل جمعرات کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے پہلا میچ ریکارڈ 153رنز سے جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ یہ پاکستان کی سب سے بڑی فتح ہے۔ عائشہ ظفر نے اس فارمیٹ میں تیسری اور پاکستان کیلئے تیز ترین سنچری 47 گیندوں پر بنائی ۔ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی میں اپنا سب سے بڑا ٹوٹل 5 وکٹ پر 237رنز بنائے تھے ۔ ناکام ٹیم 84رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
والی بال ایونٹ: بھارت افغانستان کی شرکت کی تصدیق
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت اور افغانستان نے پاکستان میں سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کی تصدیق کردی۔ والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے لاہور میں پریس کانفرنس میںبتایا کہ چیمپئن شپ تین سے دس جولائی تک لاہور میں ہوگی۔ ٹیموں کو ویزے جاری کرنے کیلئے حکومت سے رابطہ کرلیا ہے، چیمپئن شپ میں بنگلادیش، سری لنکا، مالدیپ، نیپال، کرغزستان کی ٹیمیں بھی شرکت کرینگی۔ قومی والی بال لیگ رواں سال 19جولائی سے 5 اگست تک لاہور میں کھیلی جائے گی، جس میں چھ فرنچائز کی ٹیمیں ایکشن میں ہونگیں، ہر ٹیم میں دو غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔