کوئٹہ کے روایتی حسن کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے‘ کمشنر

January 28, 2023

کوئٹہ(خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ کوئٹہ کی تاریخی حیثیت اور روایتی حسن کی بحالی کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت قلیل،درمیانی اور طویل مدتی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔جس کا آغاز کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کی خوبصورتی،تزئین وآرائش اور بہتری سے ہوا ہے۔وزیراعلی میر عبدالقدوس بزنجو،کور کمانڈر کوئٹہ اور چیف سیکرٹری کے وژن کے مطابق کوئٹہ کے روایتی حسن اور خوبصورتی کو ہرصورت بحال کرکے لٹل پیرس بنایا جائے گا۔شہر کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے اقدامات کا مقصد کوئٹہ کو خوبصورت اور عوام کے لئے خوشگوار احساس پیدا کرنا ہے جس سے عوام کو تفریحی ماحول اور سہولیات کے ساتھ ان کا معیار زندگی بھی بہتر اور شہر ترقی یافتہ نظر آئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوئٹہ خلیل مراد کے ہمراہ کوئٹہ ریلوے سٹیشن کے پارک میں تزئین و آرائش اور مرمت کا دورہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن کی تزئین و آرائش کے لئے کئے گئے کام کا جائزہ بھی لیا اور کمشنر نے متعلقہ حکام کو نئے ترقیاتی کاموں کی دیکھ بھال کے لئے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے کہاکہ شہر کی بہتری کے لئے پہلا قدم ریلوے اسٹیشن سے اٹھایا گیا جبکہ درمیانی مدتی منصوبوں میں انسکمب روڈ،سریاب روڈ اور اسپنی روڈ پر کام تیزی سے جاری ہے اس کے علاوہ شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کے سلسلے میں متعدد منصوبوں پر عمل درآمد کیا جارہاہے اس سلسلے میں آئندہ ترقیاتی بجٹ میں شہر میں میزان مارکیٹ پارکنگ پلازہ کی تعمیر،لیاقت بازار،قنداری بازار اور ہنہ روڈ پر بہتری اور خوبصورتی کے منصوبے شامل ہیں۔ان تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل سے شہر کے روایتی حسن اور خوبصورتی بحال ہونے کے ساتھ شہریوں کو بھی سہولیات میسر آئیں گی۔