اسلام آباد میں سٹریٹ کرائم بے قابو، پر ہجوم مقامات پر بھی وارداتیں

January 28, 2023

اسلام آباد ( ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) شہر اقتدار میں سٹریٹ کرائم بے قابو ہو گیا اور جرائم پیشہ عناصر درجنوں پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں دیدہ دلیری سے پرہجوم مقامات پر بھی وارداتیں کرنےلگے۔ جمعہ کی صبح ایچ الیون جمعہ بازار میں انڈے خریدنے والے شہری سے ایک نوجوان نے جھپٹامار موبائل چھین لیا اور بھاگ پڑا۔عینی شاہد کے مطابق متاثر ہ شخص نے دیگر لوگوں کے ہمراہ اس کا تعاقب کر کے اس کو جا لیا لیکن اس کے دو ساتھی اچانک سامنے آ گئے اور انہوں نے تعاقب کرنے والوں پر پستول تان کر انہیں پسپائی پر مجبور کر دیا۔ ڈی ایس پی انڈسٹریل ایریا سرکل سجاد بخاری کے مطابق سستے بازار میں خریداری کے لیے آنے والوں کی حفاظت کے لیے 20 پولیس اہلکار تعینات کئے جاتے ہیں۔ایس ایچ او انڈسٹریل ایریا نے یہ کہ کر جان چھڑانے کو ترجیح دی کہ ابھی تک کسی نے اس واردات بارے رپورٹ نہیں کیا۔ دریں اثناء راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی، سرقہ بالجبر، سٹر یٹ کرائم، نقب زنی ،چوری اور خیانت مجرمانہ کی وارداتوں میں شہریوں کو دو گاڑیوں، ایک رکشہ،29 موٹر سائیکلوں، لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا گیا۔ تھانہ سبزی منڈی کے علاقے آئی الیون ون میں گھر کے تالے توڑ کر چور 17 تولے سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء لے کر چلتے بنے۔ جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں شہریوں سے موبائل اور نقدی چھین لی گئی ۔ صادق آبادپولیس کو محمد سلیم نے بتایا کہ گھر کے اوپر والے پورشن کا لاک توڑ کرکوئی نامعلوم لیپ ٹاپ مالیت1لاکھ 40ہزا ر روپے اور سونا مالیت 5لاکھ 50ہزار چوری کر کے لے گیا۔ تھانہ کورال کے علاقے میں گھر سے 7لاکھ روپے لوٹ لئے گئے ۔