ہنگامہ آرائی کیس میں دہشتگردی دفعہ حذف، پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانت

January 28, 2023

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج حامد حسین نے تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف درج کیس میں دہشت گردی کی دفعہ حذف کر دی جس کے بعد سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ صداقت علی خان نے ملزمان کی طرف سے دائر کی گئی ضمانتیں کی درخواستیں منظور کرلیں۔گزشتہ روز نصیر آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے 5 کارکنوں خالد محمود، محمد رئیس، کمین شاہ، محمد خالد اور بلال مغل کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا اس موقع پر ملزموں کے وکلاء نے درخواست دائر کی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ پولیس نے سیاسی دباؤ کے بعد بدنیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقدمے میں دہشت گردی کی دفعہ عائد کی ۔ عدالت نے وکلا کی بحث مکمل ہونے پر دہشت گردی کی دفعہ حذف کرتے ہوئے کیس سول کورٹ منتقل کردیا جس کے بعد پولیس نے ملزموں کو سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جہاں ملزموں کے وکلاء نے ضمانتیں درخواستیں دائر کیں ۔ ان ملزموں کے خلاف نصیر آباد پولیس نے گزشتہ برس پندرہ نومبر کو موٹر وے پر ہنگامہ آرائی اور کارسرکار میں مداخلت جیسے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔