خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں خواتین صحت سے متعلق آگاہی سیمینار

January 28, 2023

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) پشاور انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ سائنسزکے زیر اہتمام پی ایچ ڈی نرسنگ بیچ II کے سکالرزبادل، زینف، شائر خان، عبید الحق، حزب اللہ اور زبیر احمدنے خواتین کی صحت سے متعلق آگاہی سیمینار کا اہتمام کیا جس کا مقصد صحت مند خواتین کا صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کردارتھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق وائس چانسلر تھے، اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم گنڈاپور ، پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ محترمہ اختر بانو، ڈائریکٹر آئی این ایس ڈاکٹر صبیحہ خانم ، انچارج پوسٹ گریجویٹ نرسنگ پروگرامڈاکٹر دلدار محمد،ڈاکٹر نجمہ ناز بھی موجود تھے۔ سیمینار میں پشاور کے مختلف نرسنگ کالجز کے فیکلٹی اور طلباء نے شرکت کی۔سیمینار میں پی ایچ ڈی سکالرز نے قبل از پیدائش کی دیکھ بھال، نسل پرستی، صنفی تشدد، جنسی ہراسانی اور خواتین کی ذہنی صحت کے مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی، علاوہ ازیں خواتین کی صحت سے متعلق پوسٹرز کی نمائش کا بھی بندوبست کیا گیا تھا۔وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے پی ایچ ڈی سکالرز کی پریزینٹیشن اور ان کے علمی معیار کی تعریف کی اور کہا کہ معاشرے میں خواتین کی تعداد کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہمیں ان کی صحت کی دیکھ بال اور بالخصوص ہماری آئندہ نسلوں کی تیاری کے تناظر میں خصوصی اہمیت دینا ہوگی، نرسنگ کا صحت کے نظام میں کلیدی کردار ہے یہی وجہ ہے کہ کے ایم یونے اپنے قیام سے لیکر اب تک نرسنگ ایجوکیشن پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت نولاکھ نرسوں کی ضرورت کے علاوہ بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی نرسوں کی ڈاکٹرز سے زیادہ ڈیمانڈ ہے لہٰذا اس اہمیت کے پیش نظر کے ایم یونے پچھلے دوسالوں کے دوران بی ایس نرسنگ کی نشستوں کی تعداد ایک سو سے بڑھا کر پانچ ہزار کردی ہے۔کے ایم یوملک کی واحد یونیورسٹی ہے جہاں بی ایس اور ماسٹرز سے لیکر پی ایچ ڈی سطح تک نرسنگ کی تعلیم اور تربیت دی جارہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ نرسز صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ ہمیں ان کے پیشہ ورانہ معیارمیں اضافے کا چیلنج بھی درپیش ہے جس کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم گنڈاپورنے بھی پی ایچ ڈی نرسنگ سکالرز کے کام کو سراہااور توقع ظاہرکی کہ وہ زیادہ دل لگی اور جذبے سے اپنی تعلیم جاری رکھیں گے۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ نرسنگ کالج اختر بانو نے بھی سیمینارسے خطاب کیا اور صحت مند خواتین میں نرس کے کردار پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر نجمہ ناز نے پاکستان سے خواتین کی صحت سے متعلق اہم اعدادوشمار اور اسکالرز کے لئے ان کے اثرات کا جائزہ پیش کیا۔ ڈاکٹر دلدار محمد نے کہا کہ خواتین کی صحت کو فروغ دینے میں نرسوں اور دائیوں کا مرکزی کردار ہے لہٰذاکے ایم یو آئی این ایس اس طرح کی تقریبات کا باقاعدگی سے انعقاد کرتا رہے گا۔