بھارت کی سیکورٹی کونسل میں رکنیت منسوخ کی جائے، ریحانہ علی ایڈووکیٹ

January 29, 2023

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) برطانیہ میں تحریک کشمیر کی پریس سیکرٹری ریحانہ علی ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 26جنوری یوم جمہوریہ بھارت کشمیری مسلمانوں کیلئے یوم سیاہ کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اس کی بنیادی وجہ بھارت کا کشمیر ی عوام کے ساتھ حق خودارادیت کا وعدہ پورا نہ کرنا ہے، آج 75سال ہو گئے مگر بھارتی آرمی کے لاکھوں اہلکار مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں بھارت خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے کر گیا تھا لیکن اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ماننے سے انکاری ہے، اقوام متحدہ پر زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سیکورٹی کونسل سے بھارت کی رکنیت ختم کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ریحانہ علی نے کہا بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کو عالمی میڈیا بی بی سی نے بھی گجرات میں مسلمانوں کا قاتل قرار دیا ہے جس سے بھارت کی ہر جگہ جگ ہنسائی ہو رہی ہے ۔ ریحانہ علی ایڈووکیٹ نے کہا بھارت اب اپنی حیثیت کھو چکا ہے، بھارت کے اندر ہر طرح کے رنگ و نسل کے لوگ بنیادی حقوق سے محروم ہیں ۔