عدالتی حکم کے باوجود پولیس نے فواد چوہدری سے ملاقات نہیں کروائی، اہلیہ

January 29, 2023

اسلام آباد (جنگ رپورٹر)پی ٹی آئی کے رہنما ءفواد چوہدری کی اہلیہ ہبہ فواد نے کہا ہے کہ عدالت کے حکم کے باوجودپولیس نے ہماری فواد چوہدری سے ملاقات نہیں کروائی ہے،آج تو فواد چوہدری بھی عدالت میں رو پڑے تھے میری چیف جسٹس اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست ہے کہ ہمیں فواد چوہدری سے ملوایا جائے،انہوں نے ہفتہ کے روز ضلع کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج فواد چوہدری کو سیشن کورٹ میں لایا گیا تھا اس سے پہلے بکتر بند گاڑی بھیجی گئی تھی اورانہیں یہاں ایسے لایا گیا ہے جیسے دہشتگرد کو لایا جاتا ہے فیملی سے بھی نہیں ملوایا گیا انکی دو بچیاں باپ سے اتنے دنوں سے نہیں مل سکی ہیں ، عدالت نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کو بخشی خانے میں فیملی اور بچیوں سے ملوایا جائے لیکن ہمیں نہیں پتہ کہ وہ انہیں کہاں لے گئے ہیں۔